Tuesday, December 2, 2014

شہر بانوسلام اللہ علیہا, Home

 

شہر بانوسلام اللہ علیہا


فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شریکہ حیات ایران کے ساسانی بادشاہ یزد گرد کی بیٹی شہربانو تھیں ۔
اہل بیت پیغمبر علیہم السلام کے زمانے میں تاريخ اسلام کی معتبر و عظیم خواتین کی شناخت و معرفت بھی ایک اہم موضوع ہے چونکہ ان خواتین میں بہت سی ایسی ہستیاں بھی ہیں جنہوں نے امام معصوم علیہم السلام کی تربیت وپرورش کی تھی لہذا ضروری ہے کہ ان موضوعات کو بھی بیان کیا جائے تاکہ بعض ائمہ کی مادران گرامی اور ان کی شریکہ ہائے حیات کے بارے میں آشنائی پیدا ہوسکے کیونکہ یہ عظیم خواتین متقی و پرہیزگار تھیں۔

فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی مادر گرامی کے بارے ميں مختلف روایتیں موجود ہیں ۔

عظیم مورخ اور عالم دین ابن قتیبہ دینوری اور دوسری و تیسری صدی ہجری کے عظیم مورخ ابن سعد نے تحریر کیا ہے کہ فرزند رسول امام حسین علیہ السلام کی شریکہ حیات اہل سند کی ایک کنیز تھیں اور ان کا نام غزالہ یا سلافہ تھا لیکن تاريخی اور روائی تحقیق وجستجو اور بہت سے شیعہ و اہل سنت کے عقیدے کے مطابق فرزند رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کی شریکہ حیات ایران کے ساسانی بادشاہ یزد گرد کی بیٹی شہربانو تھیں ۔

فرزند رسول حضرت امام زین العابدین علیہ السلام کی مادرگرامی بادشاہ ایران یزدگرد کی بیٹی جناب شہر بانو تھیں آپ کی ولادت ایران کے شاہی دربار میں ہوئی لیکن اپنے ساتھ نشت و برخاست کرنے والوں کے بر خلاف آپ ایمان ، عقیدہ ، عفت و حیا اور پاکیزگی سے مالامال تھیں یہ عظیم خاتون اپنی پاکیزہ فطرت پر پورے استحکام کے ساتھ باقی رہیں اور دربار کے برے اخلاقی اقدار اور بیہودہ نظریات و روایات کا آپ کا آپ کے بیدار ضمیر پر کسی قسم کا اثر نہیں پڑا ۔آپ کی اسیری سے پہلے کے حالات کے بارے میں کوئی خاص معلومات موجود نہیں ہے لیکن آپ نے اسیری کے بعد اس بات کو ثابت کر دکھایا کہ بچپن سے ہی طہارت و پاکیزگی ان کا شیوہ تھا اور امام سجاد علیہ السلام کی ماں بننے کا تمام شرف اور صلاحیت آپ کو حاصل ہے ۔

جناب شہر بانوسلام اللہ علیہا اپنی اسیری کے حالات اور فرزند رسول امام حسین علیہ السلام سے اپنی شادی کے بارے میں فرماتی ہیں ۔ اپنی اسیری سے پہلے میں نے ایک رات خواب میں دیکھا کہ پیغمبر اسلام اور امام حسین علیہ السلام ہمارے گھر تشریف لائے اور امام حسین علیہ السلام سے میرا عقد پڑھ دیا صبح کو جب میں نیند سے بیدار ہوئی تو میں نے اپنے دل میں فرزند رسول امام حسین علیہ السلام کی محبت کو موجزن پایا، پھر دوسری رات کو بھی خواب دیکھا کہ حضرت فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا تشریف لائیں اور مجھے اسلام کی تعلیم دی اور میں ان کے ہاتھوں اسلام لائی اس کے بعد شہزادی حضرت فاطمہ نے مجھ سے فرمایا : عنقریب اسلامی لشکر یہاں قبضہ کرے گا اور بغیرکسی حادثہ یا مشکلات کے تم میرے فرزند حسین کے پاس پہنچ جاؤگی ۔

حضرت امام علی علیہ السلام نے اس خاتون کا نام مریم یا بناء بر ایک قول فاطمہ رکھا اور امام حسین علیہ السلام سے ان کے بارے میں بہت زيادہ تاکید کی اور فرمایا : اس کے ذریعے خداوندعالم تمہیں ایک ایسی اولاد عطا کرے گا جو روئے زمین پر سب سے بہترین فرد ہوگی ۔

یہ عظیم خاتون " سیدۃ النساء " کے لقب سے مشہور تھیں جو آپ کی کرامت و فضیلت اور عظمت کی بہترین علامت ہے جناب شہر بانو کی صرف ایک اولاد تھی ، وہ تھے امام سجاد علیہ السلام ، روایت میں ہے کہ جب آپ مدینہ منورہ میں وارد ہوئیں تو حضرت علی علیہ السلام نے انہیں امام حسین علیہ السلام کے سپرد کرکے فرمایا کہ یہ وہ عصمت پرور بی بی ہے جس کے بطن سے تمہارے بعد افضل اوصیاء اور افضل کائنات ہونے والا بچہ پیدا ہو گا چنانچہ حضرت امام زین العابدین پیدا ہوئے لیکن آپ اپنی ماں کی آغوش میں پرورش پانے کا لطف نہ اٹھا سکے اور چند ماہ بعد جناب شہربانو کی وفات ہو گئی اور آپ کو جنت البقیع میں دفن کردیا گیا بعض روایتوں میں ہے کہ آپ کربلا میں بھی موجود تھیں بہرحال اس سلسلے میں مختلف اقوال موجود ہیں ۔

No comments:

Post a Comment